یہ انتخابات ویسے ہی ہیں جیسے باقی جماعتوں نے کروائے۔ رہنماء تحریک انصاف حامد خان کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حامد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کسی بات سے مشروط نہیں ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ف کے عہدیداران بھی بلامقابلہ منتخب ہوئے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن ویسے ہی ہیں جیسے باقی جماعتوں نے کروائے، پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کسی بات سے مشروط نہیں ہیں، ان لوگوں کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر کیا اعتراض ہے، ن لیگ کہتی ہے ہمیں 2018ء میں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی اور میرا یہ دعویٰ ہے کہ ہمیں تو فیلڈ ہی نہیں ملی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی، بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کر دی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے، الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے، الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے بھی اسی طرح کی درخواست دائر کی گئی، راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی، انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔