یاسمین راشد کی اپنے خلاف تمام مقدمات کا ریکارڈ اکٹھا کرنے کی ہدایت ، یاسمین راشد نے آئندہ انتخابات کے لیے سیکرٹری لیگل افئیر کو ذمہ داریاں سونپ دیں
لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے الیکشن لڑنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یاسمین راشد نے آئندہ انتخابات کے لیے سیکرٹری لیگل افئیر تحریک انصاف رانا مدثر کو ذمہ داریاں سونپ دیں۔رانا مدثر کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد نے اپنے خلاف تمام مقدمات کا ریکارڈ اکٹھا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مقدمات کا ریکارڈ کاغذات نامزدگی میں جمع کرانے کے لیے اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ تمام ٹیکس ریٹرنز اور متعلقہ دستاویز اکٹھی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہوتے ہی یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جائیں گے۔ جن حلقوں سے نواز شریف اور شہباز شریف کاغذات نامزدگی لیں وہاں سے یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔
یاسمین راشد کے آبائی حلقے سے بھی ان کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ یاسمین راشد کی ضمانت نہ ہوئی تو جیل کے اندر سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔علاوہ ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو گلبرگ میں کنٹینر جلانے کے مقدمے میں نامزد ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید سمیت دیگر کی خلاف کیس کی سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید کے رخصت پر ہونے کے باعث کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے سات ملزمان کو مقدمہ کے چالان کی کاپیاں تقسیم کر دی تھیں، گلبرگ کینٹینر جلانے کے کیس میں سات ملزمان کو آئندہ طلب کر لیا گیا۔ ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید، وقار بشیر، عرفان خان، عثمان صدیقی سمیت دیگر شامل ہیں۔خیال رہے کہ یاسمین راشد 9 مئی کے واقعات کے بعد سے گرفتار ہیں۔