اکبر ایس بابر کی 13 سال بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد

اکبر ایس بابر کی 13 سال بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر انٹراپارٹی میں الیکشن میں حصہ لینے کیلئے 13 سال بعد  پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔

اکبر ایس بابر پارٹی کے بانی رہنماﺅں کے ہمراہ پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ پہنچے، انہیں دیکھ کر پی ٹی آئی سینٹرل سیکریٹریٹ کے دروازے کھل گئے۔

بانی رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن کی معلومات لینے آیا ہوں، کاغذات نامزدگی، ووٹر لسٹ، الیکشن کے طریقہ کار کی معلومات حاصل کرنی ہیں، کئی بانی ارکان الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ کل کے انٹراپارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لینا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی سینٹرل سیکریٹریٹ میں بلوچستان کے رہنماﺅں نے اکبر ایس بابر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی معلومات لینے آئے ہیں، یہاں کوئی ہے نہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ وقت کم تھا تو خود آگیا، ہمارا اپنا دفتر ہے، یہاں کون معلومات دے گا؟ جس کے جواب میں بلوچستان سے آئے پارٹی رہنما نے قہقہہ لگاتے ہوئے جواب دیا کہ  آپ کو تو کوئی معلومات نہیں دے گا۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پارٹی میں جمہوریت چاہتے ہیں، پارٹی کو ادارہ بنانا چاہتا ہوں، ورکرز پر بھروسہ کیا جائے تو پارٹی مضبوط ہو سکتی ہے۔