’ایک طرف پیر، دوسری طرف ہمشیر، کیا کرے اڈیالا کا اسیر‘

بشریٰ بی بی اور لطیف کھوسہ کی آڈیو لیک پر فردوس عاشق اعوان کا تبصرہ

لاہور ( نیوز ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور لطیف کھوسہ کی آڈیو لیک پر فردوس عاشق اعوان کا تبصرہ بھی آگیا۔ تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ لطیف کھوسہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک سے ثابت ہوتا ہے کہ بھابی اور نندیں آپس میں دست و گریباں ہیں، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنوں کے درمیان اختلافات اب کھل کر سامنے آرہے ہیں، دونوں گروپ ہی کسی نہ کسی طرح پی ٹی آئی پر قبضے کے خواہشمند ہیں، گھر کی لڑائی اب چوراہے پر آگئی ہے، جس پیرنی نے وزارت عظمی کو برباد کیا اب گھر اور پارٹی کو برباد کرے گی، عمران خان نے اختیارات پیرنی کو دے کر پہلے حکومت کی تباہی کی اب پارٹی اور گھر کی تباہی ہو رہی ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے جیل میں جانے کے بعد ان کی بہنیں پارٹی معاملات ہاتھ میں لے کر خاندان میں سے کسی کو چیئرمین بنانے کی خواہشمند تھیں تاکہ سلائی مشنیوں کے ذریعے پھر سے اربوں کی کرپشن کا کھیل کھیلا جا سکے جب کہ دوسری جانب بشریٰ بی بی چیئرمین شپ اور پارٹی پر مکمل قبضہ چاہتی ہیں تاکہ گینگ آف فور جیسے کئی اور گینگ بنا کر اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرسكیں۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کی اپنے وکیل کے ہمراہ مبینہ آڈیو لیک سے نند بھاوج کے اختلافات اب کھل کر سامنے آنے لگے ہیں جس سے لگتا ہے کہ اقتدار کی جنگ گلی محلوں اور سڑکوں سے ہوتی ہوئی اب گھر کے صحن میں داخل ہو چکی ہے، سیاست میں گھریلو تعلق کو شامل کرنے کا یہی انجام ہونا تھا، اس وقت اگر عمران کان نے گھر کو گھر اور سیاست کو سیاست تک محدود رکھا ہوتا تو آج نند بھاوج یوں قصہ بازار نہ ہوتیں، لگتا ہے وزارت عظمیٰ کے بعد اب علیمہ اور عظمیٰ کی باری ہے، ایک طرف پیر دوسری طرف ہمشیر، کیا کرے اڈیالا کا اسیر۔