الیکشن کا التواء نہیں ہونے دیں گے: جاوید لطیف

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف----فائل فوٹو
مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف—-فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ آج کچھ سیاستدان اور کچھ اینکر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں، الیکشن کا التواء ملکی مفاد کے خلاف ہو گا، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی و معاشی استحکام نواز شریف کو انصاف کی فراہمی سے جڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی نواز شریف کو انصاف ملے گا اتنا جلدی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا، بے گناہ کو انصاف نہیں مل رہا اور گناہ گار کو بیلنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ آپ سوچیں 190 ملین پاؤنڈ کھانے والوں پر قانون حرکت میں نہیں آ رہا تھا، لاڈلے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا تھا، کیا پاکستان میں انصاف چہرے دیکھ کر ملے گا۔