مریم نواز سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود جیل گئیں،آج تک سمجھنے سے قاصر ہوں مجھے جیل میں کیوں ڈالا گیا،ہمارے دور میں پاکستان ترقی کی مثال بن چکا تھا۔نوازشریف کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب
سیالکوٹ (نیوز ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے ابھی تک سمجھنے سے قاصر ہوں کہ مجھے جیل کیوں ڈالا گیا۔انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت کوشش کی گئی مجھے سزائے موت دی جائے۔پہلی دفعہ ہائی جیکنگ کیس میں جیل گیا، صبح وزیراعظم تھا شام میں ہائی جیکر بن گیا۔
ہمارے بہت سے دوست بغیر کسی وجہ کے جیل گئے۔مریم نواز سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود جیل گئیں۔آج تک سمجھ میں نہیں آیا کہ خواجہ آصف جیل کیوں گئے۔گذشتہ دور حکومت میں نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا۔نوازشریف نے مزید کہا کہ گالم گلوچ کے کلچر سے بھی ملک کو نقصان ہوا۔دھرںوں میں کہا جاتا تھا نوازشریف کو رسہ ڈال کر کھینچ کر لائیں گے۔
دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان ہوا۔
2017میں بہترین حکومت چل رہی تھی۔آئین کی پاسداری اور ملک میں استحکام ہونا بہت ضروری ہے۔ہمارے دور میں ترقی کی شرح 6 فیصد سے زیادہ تھی،ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12 سے کم ہو کر 4 فیصد پر آگئی تھی، آج 50 ہزار روپے کمانے والے کا گزارا بھی مشکل ہے۔ہم نے ملک میں امن قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ہم سی پیک لے کر آئے۔ہمارے دور میں پاکستان ترقی کی مثال بن چکا تھا۔
ہمارے دور میں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی۔قبل ازیں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ خواجہ آصف سے تعلق میرا کالج کے زمانے سے ہے اور وہ تعلق کسی ٹھیس کے بغیر آج تک الحمد اللہ چل رہاہے اور ہم دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ نبھائی اور نبھانی بھی چاہیے ۔ نوازشریف نے کہاکہ میں آپ کیساتھ بھی نبھا رہا ہوں ، اپنی قوم کے ساتھ بھی نبھا رہا ہوں ۔ نواز شریف نے کہاکہ بہت مشکل وقت دیکھے ، اقتدار بھی دیکھا اور اختلاف بھی دیکھا ، اقتدار میں بھی رہے ، حز ب اختلاف میں بھی رہے اور دونوں برابر برابر چلتے رہے ۔