کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اب تک 46 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ دھویں سے دم گھٹنے سے 9 افراد شدید متاثر ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
زخمیوں کو بےہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو کر کے اسپتال پہنچائے گئے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
آتشزدگی میں جاں بحق 7 افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل
جناح اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ راشد منہاس روڈ آتشزدگی میں جاں بحق 7 افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
ایدھی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ راشد منہاس روڈ آتشزدگی سے جاں بحق 35 سالہ شخص کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
کراچی کے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ سینٹر میں لگی آگ چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیل گئی ہے اور درجنوں دکانیں جل گئی ہیں۔
فائر بریگیڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں کام کر رہی ہیں جبکہ لگ بھگ 50 فائر فائٹر اور 2 اسنارکل موقع پر موجود ہیں۔
کنٹرول روم نے کہا کہ فائر وہیکل کو پانی پہنچانے کے لیے دو باؤزر بھی مصروف عمل ہیں، آگ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے، ایک فلور پر کولنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق پلازہ میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، دھواں بھرنے کے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا آگ لگنے سے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس
دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جسٹس(ر) مقبول باقر نے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے 8 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔
جسٹس(ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے فوری اقدامات کیے جائیں،کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جاسکے، لوگوں کے جان و مال کی ذمے داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور طبی امداد فراہم کی جائے۔