مسلم لیگ (ن)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور اتحادیوں نے خود کو سندھ میں پیپلز پارٹی کے متبادل کے طور پر پیش کردیا۔
مردان ہاؤس کراچی میں ن لیگ کے بشیر میمن، ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے شاہی سید، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے راشد شاہ اور جے یو آئی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
بشیر میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کرپشن اور سسٹم چلانے کے باوجود کہتی ہے ہمارا کوئی متبادل نہیں۔ ہم آج یہاں متبادل کے طور پر موجود ہیں، سندھ میں شہباز اسپیڈ لانے کےلیے مل کر کام کریں گے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم سندھ اور کراچی کےلیے بہترین متبادل ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں۔
بشیر میمن کا کہنا تھا کہ کراچی ترقی کرے گا تو سندھ ترقی کرے گا، صوبہ آگے بڑھے گا تو پاکستان کی ترقی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اسکول بند کیے جارہے ہیں، صوبے کے عوام کو پریشانیوں سے نجات دلائیں گے، ہم بہترین متبادل ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم سندھ میں حکومت بنائیں گے، صوبہ خوشحال نہیں ہوگا تو پاکستان میں بھی خوشحالی نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحاد کا مقصد سندھ کی ترقی ہے، ہم سب مل کر صوبائی حکومت بنائیں گے، آنے والا وقت سندھ کے مظلوموں کا ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں ہم انہیں مسائل سے نکالیں گے۔
اس موقع پر شاہی سید نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہتی ہیں، ہم سندھ میں بھتا خوری کے سسٹم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
جی ڈے اے رہنما راشد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف جہاد اکبر کا اعلان کرتے ہیں، پاکستان میں کرپشن کے خلاف جدوجہد سندھ سے شروع ہو گی۔