آرمی چیف کے ڈنڈے سے ڈالر نیچے آیا، مجھے امید ہے مہنگائی کے خلاف بھی ڈنڈا اٹھائیں گے۔ کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نگران وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے درخواست ہے مہنگائی کم کرنے کیلئے بھی ڈنڈا ادھر موڑیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے ڈنڈے سے ڈالر نیچے آیا ہے، مجھے امید ہے کہ آرمی چیف مہنگائی کے خلاف بھی ڈنڈا اٹھائیں گے۔
علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ حج آرگنائزرز حجاج کی تربیت بھی کریں، وہ عبادت کی جگہ ہے سیاحت کا مقام نہیں، سعودی حکومت عمرہ اور حج کے موقع پر بہترین انتظامات کرتی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں کے تعلقات ہیں، ہمارے ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں، ہمارے لئے ریڈ لائن ہمارا دین، مذہب، وطن، ہماری فوج اور سلامتی کے ادارے ہیں۔
چند روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے علما ءو مشائخ کے ایک وفد نے ملاقات کی، چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کے بعد چیئرمین علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے بتایا کہ علماء کرام کی جانب سے آرمی چیف کے فیصلے سے اتفاق کیا گیا اور ان کا ہر طرح سے ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، 57 اسلامی ممالک میں سے صرف پاکستان کے پاس حافظ قرآن اور سید سپہ سالار ہونے کا اعزاز ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے بتایا کہ آرمی چیف نے پاکستان کو ریاستِ طیبہ بنانے کی بات کی،آج ہمارے ملک کو ایک قوم بننے کی ضرورت ہے، بارڈر پر کھڑی ہماری فوج کی صرف اور صرف خواہش ملک کی خدمت کرتے ہوئے شہادت کی تمنا ہوتی ہے،ایسی فوج اور قوم کو تقسیم کرنے کے لئے بڑے منصوبے بنے ہیں،ہمارے سپہ سالار نے یہ واضح کر دیا کہ ایک ریڑھی لگانے والے پاکستانی کی جان بھی دنیا کی چیز سے بڑھ کر نہیں ہے۔