نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورک کو عالمی راہداری بنانے کا منصوبہ بنالیا ہے۔ مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد سے پاکستان کو کئی ملین ڈالرز کا فائدہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگراں وزیر آئی ٹی نے پی ٹی اے، ایس سی او، پی ٹی سی ایل، ٹرانس ورلڈ، پیس کیبل کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ خنجراب، کراچی و گوادر تک موجود آپٹیکل فائبر کیبل سے عالمی ٹریفک کو سب میرین کیبل سے ملایا جاسکتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل راہداری کےلیے تمام وسائل اور مطلوبہ سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔
انہون نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، چین، یورپ تک ڈیجیٹل رسائی آسان اور ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوگی۔ بےپناہ عالمی ڈیجیٹل ٹریفک سے کچھ ٹریفک اس راہداری سے گزاری جاسکتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا پلیٹ فارم اس منصوبے میں بھرپور معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس وقت ملک میں تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار کلومیٹر فائبر کیبل موجود اور 6 ہزار موبائل ٹاورز منسلک ہیں۔ آپٹیکل فائبر کیبل کی تنصیب 3 لاکھ کلومیٹر اور 20 ہزار ٹاورز منسلک کرنے کا قابل عمل منصوبہ بنا رہے۔
انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر کیبل بڑھانے سے کنکٹویٹی تیز اور صارفین کو بہتر انٹرنیٹ سہولیات فراہم ہوں گی۔
نگراں وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ گوگل اور میٹا سمیت عالمی اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔ عنقریب پاکستانی عوام کو عالمی نیٹ ورکس سے متعلق خوش خبری دیں گے۔