کراچی میں گزشتہ دنوں قتل ہونے والے بائیو مکینکل انجینئر صہیب کا قاتل اس کا اپنا دوست نکلا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صہیب کا قاتل اس کا قریبی دوست اور پارٹنر تھا، سچل پولیس نے سومار گوٹھ میں ملزم عاصم کے گھر پر چھاپا مارا، ملزم نے کمرے میں خود کو بند کرکے خودکشی کرلی۔
ملزم عاصم کا صہیب کے ساتھ کاروباری لین دین تھا۔ عاصم، صہیب کو قتل کرکے گاڑی لے گیا تھا، ملزم کے گھر کے قریب سے مقتول صہیب کی گاڑی بھی مل گئی۔
گزشتہ روز سپر ہائی وے کے قریب فائرنگ سے قتل ہونے والے انجینئر صہیب کے قتل کا مقدمہ تھانہ سچل میں مقتول کے برادر نسبتی کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے تفتیش کے دوران مقتول کے لاپتہ ہونے والے موبائل فونز کوئٹہ ٹاؤن کے عقب سے برآمد کرتے ہوئے دو افراد کو حراست میں لیا تھا۔