نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جاتی امراء میں ملاقات کا منظر—فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جاتی امراء میں ملاقات کا منظر—فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امراء میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔

محمد نواز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

قائدِ مسلم لیگ ن نے خاص طور پر مختلف امریکی رہنماﺅں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو مانتے ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتِ حال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن کو قائدانہ کردار دے کر اپنا بھرپور اعتماد کریں گے۔

نواز شریف اور امریکی سفیر نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا گیا۔

دونوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اور ان کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکا اور پاکستان دو طرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔

امریکی سفیر اور محمد نواز شریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دو طرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے اسرائیلی بلا امتیاز بم باری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔

انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔

امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوش گوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔