لاپتہ کارکنان اور ذمہ داران کو فوری بازیاب کیا جائے، پی ٹی آئی

لاپتہ کارکنان اور ذمہ داران کو فوری بازیاب کیا جائے، پی ٹی آئی

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر کمیٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو متنازعہ عدالتی کارروائی کے ذریعے انصاف سے محروم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ 

پی ٹی آئی اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے محفوظ فیصلوں کے ذریعے انصاف کے دروازے بند کرنے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جھوٹی پروپیگنڈا مہم چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاست سے دستبردار کرنے کی مایوس کن کوشش ہے۔ 

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے جبری لاپتہ کیے گئے کارکنان اور ذمہ داران کی فوری بازیابی و رہائی کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی بلے کے نشان سے محروم کرنے کی کوشش شرانگیز منصوبہ ہے۔ 

کمیٹی نے کہا کہ سزا یافتہ شخص کی اقتدار تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کی ریاستی کوششیں تباہ کن ہیں۔ اجلاس میں انتخابات میں شرکت اور امیدواروں کے تعیّن کی حکمتِ عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی نے اہلِ فلسطین کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ اور اسرائیلی جنگی جرائم پر عالمی عدالتِ انصاف کے ذریعے کڑے محاسبے کا مطالبہ کیا۔