نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین کی تقرری کی سمری پر دستخط کردیے گئے

خیبرپختونخوا کے گورنر غلام علی نے نئے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین کی تقرری کی سمری پر دستخط کردیے۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی شریک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد ان کا نام منظوری کے لیے گورنر خیبرپختوخوا کو بھیجا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے 3 دن میں دونوں رہنماؤں کو ایک نام فائنل کرنا تھا۔

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ابیٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کا حصہ بھی تھے۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے معاملے پر اکرم درانی نے کہا تھا کہ صوبے میں سیاسی بحران ہے، آج ہی نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا مسئلہ حل کریں گے۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پوری تیاری کے ساتھ نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر بات کروں گا، محمود خان کو بھی راضی کرلوں گا میری بات سے کوئی انکار نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے متوقع نام سیاست دان اور بیوروکریٹ کے ہوسکتے ہیں،  کوئی اعظم خان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکا، ان کا چناؤ اس لیے کیا تھا کہ وہ نیک انسان تھے۔