الیکشن کمیشن، نگراں حکومت آئینی فرض نبھانے میں مکمل ناکام ہیں، پی ٹی آئی

الیکشن کمیشن، نگراں حکومت آئینی فرض نبھانے میں مکمل ناکام ہیں، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے پارٹی کے خلاف ریاستی انتقام میں شدت آگئی ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور نگراں حکومت اپنا آئینی فرض نبھانے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔

کور کمیٹی اجلاس میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور قائدین کو جبری گمشدہ کرنے کا سلسلہ بلا تاخیر روکا جائے۔

اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ علی نواز اعوان سمیت تمام اغوا کنندگان کو بازیاب اور زیرحراست افراد کو رہا کیا جائے۔

کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر خفیہ یا جیل ٹرائل چلانے کا کوئی آئینی یا قانونی جواز نہیں، ٹرائل خفیہ رکھنے یا شفافیّت کے تقاضوں کے برعکس چلانے کو قبول نہیں کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جیل میں مقدمہ چلانے کی بجائے سائفر ٹرائل کو معمول کی عدالت میں منتقل کیا جائے، خواتین شہریوں کوانصاف سے محروم کرنے والوں کا کڑا محاسبہ عدالتِ عظمیٰ کی ذمے داری ہے۔

کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ اہلِ فلسطین کی بے رحم نسل کشی تہذیبِ انسانی کی موت کی علامت ہے، اہلِ عالم بالخصوص اقوامِ متحدہ عالمی دہشت گرد اسرائیل کو لگام ڈالنے کے اقدام کرے۔