کراچی کے علاقے سچل سے نوجوان شاہ زیب کی لاش ملنے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد شاہ زیب کی لاش ورثا کے حوالے کردی اور تدفین بھی کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ زیب حیدرآباد کا رہائشی تھا۔ قتل کی تحقیقات جاری ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کررہے ہیں، گاڑی میں لگے ٹریکر کی کمپنی سے بھی رابطے میں ہیں۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے پاس سے ملنے والی کی چین کے بارے میں پولیس کو معلومات مل گئیں، مقتول شاہ زیب کی گاڑی کراچی آتے ہوئے راستے میں ایک ہوٹل پر رکی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق کی چین اسی ہوٹل کی ہے جس میں شاہ زیب نے اپنے گھر کی چابی ڈالی تھی، ہوٹل اسٹاف سے معلومات حاصل کی جارہی ہے، اسٹاف سے ملنے والی معلومات میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔