راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش جبکہ ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی آمد پر پہلی برفباری ہوئی۔
راولپنڈی شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد سردی بڑھ گئی، چکلالہ 19، شمس آباد 20 اور سید پور میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلا دھار بارش کے باعث واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کردیا، نکاسی کیلئے واسا کا عملہ مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا۔
ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا شہر میں جاری نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے عملہ مصروف عمل ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ ہوئی ہے۔ لوہی بھیر، انگوری بلیو ایریا، یوسی روڈ، کھنہ ڈاک، ہائی وے، کورال فیڈرز پر فالٹ کا سامنا ہے۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ خیابان اقبال، ترامڑی، پنڈی گھیب، اسکیم تھری، لال کرتی، کہوٹہ سٹی چکلالہ فیڈرز بھی فالٹ کر گئے ہیں، آپریشن اسٹاف فالٹ اور ٹریپنگ کلیئر کرنے کے لیے فیلڈ میں موجود ہے۔