عثمان بزدار کو وزیراعلٰی بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی‘ عمران خان نے کرپشن میں فرح گوگی کی سہولتکاری کی‘ پنجاب میں عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس
لاہور ( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلٰی بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، تین خواتین کے گٹھ جوڑ سے پنجاب میں ڈمی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بٹھا کر عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹنے کا منصوبہ بنایا گیا، عمران خان نے کرپشن میں فرح گوگی کی سہولتکاری کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈی پی او سے پٹواری تک ٹرانسفر پوسٹنگ کا شیئر جاتا تھا، ہر ٹھیکے سے پہلے اور بعد میں کمیشن لیا جاتا تھا، فرحت شہزادی اور ان کے خاوند احسن جمیل گجر پیچھے بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے تھے جو بشریٰ مانیکا عمران خان کی منظوری سے آگے لے کر چلتی تھیں، میں گواہ ہوں اس بات کا کہ پنجاب میں ڈی پی او سے لیکر پٹواری تک جو ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی تھیں اس میں سے حصہ جاتا تھا، خاورمونیکا کی توہین کرنے پر ایس ایچ او کو تبدیل کیا گیا۔
رہنماء ن لیگ نے کہا کہ فرح گوگی کا تعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ سے تھا، فرح گوگی کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، فرح گوگی اور ان کے شوہر نے 48 کروڑ کا کالادھن سفید کیا، چیئرمین پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کا ذرائع آمدن پنجاب کی کمپنیز سے اربوں روپے کمانا تھا، فرح گوگی کے اثاثوں میں جو اضافہ ہوا ہے یہ عمران نیازی کے اقتدار میں آنے سے پہلے کل ظاہری اثاثوں کی مالیت 95 کروڑ روپے ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد تین سالوں کے اندر یہ 4 ارب 52 کروڑ پر چلی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکیومنٹس پر سڑک بن گئی پر ان گراؤنڈ کچھ بھی نہیں ہوا، کہاں گیا وہ پیسہ؟ پنجاب میں عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا گیا، چیف جسٹس سے استدعا ہے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جلد فیصلہ کریں۔