کیا ن لیگ اقتدار میں آکر سابق جرنیلوں کیخلاف کارروائی کرے گی؟ اسحاق ڈار سے سوال

سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ماضی کے اقدامات کو کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں ن لیگ کے سینیٹر اسحاق ڈار سے سوال کیا گیا کہ کیا ن لیگ اقتدار میں آکر جنرل پاشا، جنرل ظہیر، جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے خلاف کارروائی کرے گی؟

اس پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو اقدامات ہوئے ہیں انہیں کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا ہے، یہ کمیشن رپورٹ بنائے کہ ماضی میں کس کا کیا کردار رہا ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی نہ دیتے تو ن لیگ مئی دو ہزار بائیس میں اسمبلی تحلیل کر دیتی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی کے بعد نواز شریف نے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ تبدیل کیا۔