آخرکار نوازشریف پاکستان پہنچ گئے، اب عمران خان کو بھی آزادانہ الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہئیے

سنگین الزامات کے باوجود اگرنوازشریف الیکشن لڑنے کے لیے آزاد ہیں تووقت آگیا ہے کہ عمران خان سمیت تمام اہم سیاستدانوں کو حقیقی طور پر آزادانہ اور منصفانہ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔بصورت دیگر الیکشن ایک دھوکہ دہی ہوں گے۔کامران خان کا ٹویٹ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینئر صحافی کامران خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پاکستان پہنچ گئے، سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی آزادانہ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آخرکار نوازشریف سیاست کرنے اور الیکشن میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
نواز شریف پر لگائے گئے الزامات سے زیادہ سنگین الزام کوئی نہیں ہو سکتا۔نوازشریف پر طیارہ ہائی جیکنگ، منی لانڈرنگ اور فوج کو بدنام کرنے کے الزامات ہیں۔کامران خان نے مزید کہا کہ ان تمام الزامات کے باوجود وہ چوتھی بار وزیر اعظم بننے کے لیے الیکشن لڑنے کے لیے آزاد ہیں۔اگر ایسے الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا تو اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان سمیت تمام اہم سیاستدانوں کو حقیقی طور پر آزادانہ اور منصفانہ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
بصورت دیگر الیکشن ایک دھوکہ دہی ہوں گے۔


۔جب کہ ترجمان پی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی مجرم کی وطن واپسی کیلئے آج ریاست نے شرم، حیا، قانون اور انصاف کو اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا ہے، رجیم چینج سازش کے بعد آئین و جمہوریت بیزار ریاستی عناصر نے ملک و قوم کو آمریت کی زنجیروں میں جکڑ کر کرپٹ بھیڑیوں کے آگے پھینک دیا، مجرموں کی سرپرست یہی سوچ ہے جو 75 سال بعد بھی قوم کے پاؤں کی زنجیر اور ملک کی کسمپرسی، بیچارگی اور زوال کی بڑی وجہ ہے۔
تحریک انصاف کا موقف ہے کہ چیئرمین عمران خان نے آج سے 27 برس قبل جرم اور ریاست کے مابین اسی اشتراکِ بَد کےخلاف بے مثال سیاسی جدوجہد کا فیصلہ کیا، عمران خان کی قیادت میں آج قوم ملک کو سازش، طاقت اور چوروں، ٹھگوں، دھوکے بازوں اور بے حمیت مافیاز کے اشتراک سے فتح کرنے والی قوتوں کے سامنے شعور سے لیس ہوکر اپنے پورے قد سے کھڑی ہے، قوم ریاست کی جانب سے گود میں لیے گئے اپنے اس مجرم کے خاطر خواہ استقبال کیلئے تیار ہے۔