یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بننے کی کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کر کے رکھ دیتی ہے۔سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی گفتگو
نارووال( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔انہوں نے نارووال میں ورکرزز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو پی ٹی آئی نے فوج پر حملہ کیا۔میں پاکستانی قوم کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے اس سازش کو ناکام بنا کر ایٹمی پروگرام کو بچا لیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگلا الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بننے کی کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کر کے رکھ دیتی ہے۔پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہم سے بڑا ہے۔قبل ازیں احسن اقبال نے کہا کہ ہم اپنے قائد نواز شریف کی واپسی کیلئے جلسہ کر رہے ہیں،یہ جلسہ ان کے استقبال کیلئے لوگوں کا جذبہ بیدار کرنے کے لئے ہے، اس جلسہ کے ساتھ ہی اگلے الیکشن کی مہم شروع ہو چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ الیکشن میں پاکستان کی عوام سپریم کورٹ ہوتی ہے جس کی عدالت میں ہر جماعت کا امیدوار پیش ہو کر اپنا مقدمہ سناتا ہے، 2018 میں ایک مثال دی تھی ہر جلسہ میں سوال کیا تھا کہ آپ میں کون اپنے موٹر سائیکل کی چابی کسی ایسے بندے کو دے گا جس نے موٹر سائیکل نہ چلائی ہو،اناڑی کو موٹر سائیکل دیں گے تو وہ اپنا سر بھی پھاڑے گا، موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا۔
انہوں نے کہاکہ اناڑی نے پاکستان کو قرضوں میں ڈوبا دیا، پچھلے سال اپریل میں شرط لگنا شروع ہو گئی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر آئی ایم ایف کے پاس گئے، آج کوئی نہیں کہہ رہا پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ2013 میں دہشت گردی تھی، نواز شریف نے امن کا وعدہ کیا،2018 تک دہشت گردی کمر توڑ کر امن بحال کیا، نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے، آج نواز شریف کا وعدہ ہے قوم نے دوبارہ موقع دیا تو مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا، نواز شریف قوم کا آزمایا ہوا لیڈر ہے۔