پوری قوم نوازشریف کی واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہے ، ، نوازشریف کی تقریر پاکستان کے روشن، پرامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہوگی۔ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ کی گفتگو
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تقریر پاکستان کے روشن، پرامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہوگی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیرصدارت ویڈیو لنک پر پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تنظیمی عہدیدار ، ڈویژنل صدور و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں نوازشریف کی 21 اکتوبر کو واپسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نوازشریف کی واپسی کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ پوری قوم نوازشریف کی واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہے ، 21اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسہ ہر جلسے کا ریکارڈ توڑ ڈالے گا، نوازشریف کی تقریر پاکستان کے روشن، پرامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کے وقت میں ہم انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمے درج ہوئے اور آج بھی ہو رہے ہیں، سیاسی مخالفتوں میں عمران خان نے جھوٹے مقدمات درج کروائے ہم نے میرٹ پر بیلز لی ۔
آج جو لوگ جیلوں میں ہیں یہ مکافات عمل ہے، مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ مہنگائی آئی ایم ایف کی شرط تھی جس کی وجہ سے اتنی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا، شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا ۔ سولہ ماہ کی مہنگائی چار سال کی نا لائقی کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ اکیس تاریخ کو نواز شریف مینار پاکستان اپنا نظریہ بیان کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کے نوجوان کو روزگار دیا، نوجوانوں کو تا ہے کہ مہنگائی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نواز شریف نے کیا ۔
نواز شریف کو چوتھی دفعہ وزیر اعظم بننے کی ضرورت نہیں بلکہ پاکستان کا مستقبل بنانے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی طرف سے ایف آئی آر درج کرانے کی سختی سے تردید کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایاکہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کی اطلاع ملتے ہی شہباز شریف نے سی سی پی او سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
شہباز شریف کی گاڑی روکنے والے افراد پر ایف آئی آر شہباز شریف نے ختم کرائی ۔ انہوں نے بتایاکہ شہباز شریف کے واضح کرنے کے بعد ایف آئی آر خارج کر دی گئی تھی۔مریم اورنگزیب نے بتایاکہ شہباز شریف نے گاڑی روکنے والے افراد کو اگلے روز اپنے گھر بلایا، انہیں عزت دی، ان کی بات تسلی سے سنی اور مسئلہ حل کرایا ۔انہوںنے کہاکہ اس واقعے کو جان بوجھ کر پراپگنڈے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔