کراچی: (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر اور حلقہ پی ایس 89 سے ٹکٹ ہولڈر جاوید ارسلان خان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
جاوید ارسلان خان نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سینیٹر سعید غنی سے ملاقات کی، اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر و ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد و دیگر بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
اس موقع پر رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ جاوید ارسلان خان کو پاکستان پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، جاوید ارسلان خان کی شمولیت سے کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط ہو گی۔
جاوید ارسلان خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی خدمات کو دیکھ کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) نے صوبہ سندھ پر کبھی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے کارکنان میں مایوسی ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر و ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ ملیر پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے، جاوید ارسلان خان کی شمولیت سے اب ناقابل تسخیر قلعہ بنے گا۔