تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ مرتضیٰ سولنگی کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے حقوق برابر ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے، الیکشن کی تاریخ دینا نگراں حکومت کا کام نہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ کا اعلان کرے گا اس پر انتخابات ہوں گے، ہمارا مقصد اپنی ریاست، شہریوں اور قومی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے، ملک کے اندر غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد 31 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں، 31 اکتوبر کے بعد ایسے افراد کو جبری ملک بدر کیا جائے گا۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا نگران حکومت کا کام نہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جو انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی صلاحیت اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اسی پر انتخابات ہوں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے، ہم الیکشن کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، عملاً الیکشن کا ماحول موجود ہے، الیکشن کے ماحول میں کسی بھی جماعت اور اس کی قیادت کو کسی اہم مسئلے پر اپنا موقف دینے کی آزادی حاصل ہے، ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدالتیں بھی آزاد ہیں اور تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مشکل حالات میں بھی اپنی الیکشن مہم چلاتی ہیں، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے برابر حقوق ہیں، پی ٹی آئی کا اپنا معاملہ ہے کہ وہ الیکشن مہم کس طرح چلاتی ہے، اس حوالے سے اس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ نجکاری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نجکاری نگران حکومت نے شروع نہیں کی، پچھلی پارلیمان اور اس کی منتخب حکومت نے نجکاری کا فیصلہ کیا، ہم پچھلی پارلیمان اور پچھلی حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اداروں میں اصلاحات ہونی چاہئیں، پبلک براڈ کاسٹرز لازمی سروسز میں شمار ہوتے ہیں، یہ لازمی قومی خدمت کے ادارے ہیں، نیشنل براڈ کاسٹرز کو دنیا بھر میں ریاست سپورٹ کرتی ہے، پبلک براڈ کاسٹرز کی نجکاری کے خلاف ہوں، یہ نظریاتی طور پر غلط کام ہے البتہ پبلک براڈ کاسٹرز کے اندر ایسے لوگ نہیں ہونے چاہئیں جن کا تعلق آج کے جدید براڈ کاسٹنگ سسٹم سے نہیں ہے، یہ بنیادی نوعیت کے فیصلے ہیں، ایسے فیصلے کرنا نگران حکومت کے فرائض میں شامل نہیں۔
ایک سوال پر تبصرہ میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جو لوگ ہمیں انسانی حقوق پر لیکچر دیتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنا ریکارڈ چیک کرلیں، ملک کے اندر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد 31 اکتوبر 2023ء تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں، 31 اکتوبر کے بعد ایسے غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو جبری ملک بدر کیا جائے گا، ہمارا مقصد اپنی ریاست، اپنے شہریوں اور اپنی قومی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے۔