عدالت نوازشریف کی گرفتاری کے بعد ضمانت دے تو بھی تیار ہیں، رانا ثناء اللہ

قانونی ٹیم نے پوری تیاری کی ہوئی ہے، ہمیں نوازشریف کی ضمانت ملنے کے امکانات بہتر اور روشن نظر آرہے ہیں۔ صدر مسلم لیگ ن پنجاب کی گفتگو

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ پارٹی قائد نوازشریف کو ضمانت ملنے کے امکانات روشن نظر آرہے ہیں، عدالت اگر نواز شریف کو گرفتاری کے بعد ضمانت دیتی ہے تو بھی تیار ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی ٹیم نے تیاری پوری کی ہوئی ہے، جس کی بناء پر ہمیں نوازشریف کی ضمانت ملنے کے امکانات بہتر اور روشن نظر آرہے ہیں، سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت سے متعلق قانونی ٹیم نے تیاری کرلی ہے لیکن اگر عدالت نواز شریف کو گرفتاری کے بعد ضمانت دیتی ہے تو بھی قانونی ٹیم تیار ہے، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے کیسز کے پیش نظر نوازشریف کے ضمانت کے امکانات روشن ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف کے گزشتہ استقبال میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں امید ہے اب ایسا نہیں ہوگا، 2018ء کے استقبال میں جس طرح کا ابہام پیدا ہوا امید ہے اب نہیں ہوگا اور عوام کی بڑی تعداد جلسے کی صورت میں نوازشریف کا استقبال کرے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا 9 اکتو بر کو لندن سے سعودی عرب روانہ ہونے کا امکان ہے، نواز شریف سعودی عرب سے 14 اکتوبر کو دبئی روانہ ہوں گے، نوازشریف کا دبئی سے چین اور قطر جانے کا بھی پلان ہے، جس کے بعد سابق وزیراعظم 21 اکتوبر کو دبئی سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے اور نوازشریف کی حفاظتی ضمانت کے لئے 19 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع مسلم لیگ ن سے معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، سابق وزیراعظم کے استقبال کے لیے ملک بھر سے قافلے 4 بجے تک لاہور کے مینار پاکستان پہنچ جائیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ائیر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے۔