شہباز شریف نے گاڑی کے سامنے احتجاج کرنے والوں کو گھر مدعو کر لیا

عوامی رابطہ مہم کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہیں بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے،میں نے مسائل حل کی یقین دہانی کروائی۔صدر ن لیگ

لاہور(نیوز ڈیسک) گزشتہ روز حلقے کے دورے کے موقع پر عمائدین نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گاڑی روکی تھی۔ شہبازشریف نے جمعرات کو عمائدین کو ملاقات کے لئے بلا لیا۔ شہبازشریف سےحلقے کے عمائدین کی ملاقات ہوئی۔ شہبازشریف نے حلقے کے عمائدین کے مسائل اور شکایات کو سنا،شہباز شریف نے کہا کہ حلقے کے عوام ، ووٹرزاورسپورٹرز کی شکایات کا حل اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔
شہبازشریف نے حلقے کے عمائدین کی شکایات پر انکوائری کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شکایات کو سننا اور انہیں حل کرنا میرا فرض ہے۔ عمائدین علاقہ نے ملاقات کے لئے بلانے اور شکایات کا ازالہ کرنے پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
https://x.com/CMShehbaz/status/1709870135324913886?s=20
شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا۔
اس کیمپین کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہیں بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔ کل میرے حلقے سے کچھ لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے۔ آج میں نے ان کے نمائندوں کو مدعو کیا، ان کے علاقے کے مسئلے کو سنا اور اس کے حل کی یقین دہانی کروائی۔شہباز شریف نے کہا کہ میرے نزدیک سیاست ایک عبادت ہے اور یہ عبادت خلق خدا کے خدمت کر کے ہی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے، 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آرہے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آرہی ہے، 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے۔