پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر صداقت عباسی اپنی سیاست کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے کو تیار
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کو ایک اور بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر صداقت عباسی اپنی سیاست کے حوالے اہم فیصلے کرنے کو تیار ہیں۔ صداقت عباسی یکم ستمبر سے غائب تھے اور اب اپنی سیاست کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا ارادہ کر لیا۔صداقت عباسی کی جانب سے کچھ دیر میں بیان دئیے جانے کا امکان ہے۔
صداقت عباسی گزشتہ انتخابات میں شاہد خاقان عباسی کو ہرا کر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عثمان ڈار نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔ عثمان ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ9مئی واقعات کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرصدارت زمان پارک اجلاس میں ہوئی، 9مئی ایک شرمناک سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، 9مئی واقعات ایک ایسا سیاہ دھبہ ہے جس کو دھلنے میں وقت لگے گا، جس طرح اداروں پر حملے ہوئے اس کے بعد پی ٹی آئی کی بنیادیں ہل گئیں، 9 مئی صرف تاریخ ہے حملے کرنے کی سازش بہت پہلے تیار ہوچکی تھی، اکتوبر 2022 میں لانگ مارچ کا مقصد جنرل عاصم منیر کی تعیناتی کو روکنا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی ریاست مخالف بیانیئے کو سپورٹ کرتے تھے، عمران خان کی گرفتاری پر ریاستی اداروں پر حملہ کرنا ہے چیئرمین پی ٹی آئی اس بیانیئے کو سپورٹ کرتے تھے، حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت خود چیئرمین پی ٹی آئی نے دی ،9 مئی حملوں کا مقصد فوج پر دباؤ ڈال کر جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی کی بھرپور حمایت کی،پی ٹی آئی میں حماد اظہر، مراد سعید ، اعظم سواتی ، فرخ حبیب فوج مخالف گروپ تھے، فوج مخالف گروپ چیئرمین پی ٹی آئی کے سب سے زیادہ قریب تھا، ریاست مخالف بیانیہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر بنا، پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار خود چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔