ملک کے بالائی علاقوں میں سخت سردی کے باعث جنوری میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے، سابق وزیراعظم کی گفتگو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنوری میں عام انتخابات کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں سخت سردی کے باعث جنوری میں انتخابات ممکن نہیں۔ انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ کو نگران وزیر داخلہ کو دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی، مگر نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کو بھی نوازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح بحیثیت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چیئرمین تحریک انصاف کے بغیر الیکشن والا بیان نہیں دے سکتے۔میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرا دیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023کو شائع کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کرا دیے جائیں گے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔ اگرچہ حلقہ بندی کی مدت میں کمی کے باوجود بھی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی شق کی خلاف ورزی ہوگی۔