عدالت سے درخواست ہے آئی پی پیز معاہدوں پر سوموٹو لے: سراج الحق

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عدالت سے ہماری درخواست ہے کہ وہ فوری طور پر آئی پی پیز معاہدوں پر سوموٹو لے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے مسلسل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگ ڈپریشن کا شکارہیں، بدترین مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، ان حالات میں جماعت اسلامی نے تحریک کا اعلان کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، لگاتار بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ حواس باختہ ہوگئے، 1994ء میں پیپلزپارٹی نے آئی پی پیز سے معاہدے کئے تھے، بجلی استعمال کریں یا نہ کریں کیپسٹی پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، ایسے معاہدے تو ایسٹ انڈیا کمپنی نے بھی نہیں کئے تھے۔

سراج الحق نے مزید کہا مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے ان معاہدوں کو برقراررکھا، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، تینوں پارٹیوں کی نااہلی کا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جارہا ہے، فراڈ معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا جائے، معاہدے کرنے والوں کے اثاثے بیچ کر یہ بوجھ ادا کیا جائے، بھارت، بنگلا دیش میں بجلی سستی ہے، پاکستان میں ایسے لگتا ہے جیسے بجلی چاند سے آتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا دنیا میں جاگیردار، سرمایہ داروں پر ٹیکسز لگتے ہیں، پاکستان میں عام آدمی پر بوجھ ڈالا جاتا ہے، عدالت سے درخواست کرتا ہوں معاہدوں پرسوموٹو لے، ہماری تحریک جاری رہے گی، اگرحکومت نے ظلم اور جبر کے معاہدوں کو ختم نہ کیا تواسلام آباد کی طرف لانگ مارچ بھی کرسکتے ہیں۔