خانیوال: (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان شکیل شفقت کو آبائی علاقے خانیوال میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شکیل شفقت شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کبیروالہ خانیوال میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ شہید سپاہی شکیل شفقت کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سپاہی شکیل شفقت شہید ہو گئے تھے۔