ہم ڈرنے والے ہیں نہ جھکنے والے، حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے: سراج الحق

پشاور: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم ڈرنے والے ہیں نہ جھکنے والے، اپنے حق کیلئے ہمیشہ آواز اٹھاتے رہیں گے۔

پشاور میں مہنگائی کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج آپ لوگوں نے ثابت کیا کہ ہم ڈرنے والے، جھکنے والے نہیں ہیں اپنے حق کے لئے آواز اٹھا سکتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا خیبرپختونخوا کے عوام، اس صوبے کو بھی بچانا ہے اور ملک کے 25 کروڑ عوام کو بھی بچانا ہے، 76 سال گزر گئے اس ملک میں ایک دن بھی قرآن کا نظام نہیں دیکھا، یہاں اسمبلی میں بیٹھنے والے عوام کے ووٹ سے نہیں عالمی طاقتوں کے ذریعے اسمبلی پہنچتے ہیں، یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں یہ سیاسی دہشتگرد ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا ان معاشی دہشت گردوں نے ملک کو یرغمال بنایا، انڈیا میں کوئی صدر یا وزیراعظم نہیں ہے جس کی دولت باہر کے ممالک میں ہو، یہاں سیاستدان، ججز، جرنیل سب کی دولت اور جائیدادیں باہر کے ممالک میں ہیں، یہ لوگ اپنی قوم کے لوگوں کا خون نچوڑ کر دولت باہر لے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمارا دشمن مضبوط ہے، یہاں آستین کے سانپ موجود ہیں، مسائل ان کی وجہ سے ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا یہ لوگ نیب کے سوالوں کا جواب دینے کے بجائے وکٹری کا نشان بناتے ہیں، ایسے بے شرم لوگ میں نے دنیا میں کہیں پر نہیں دیکھے جو کرپشن پر بھی وکٹری نشان بناتے ہیں۔