شہبازشریف قائد ن لیگ نوازشریف کیلئے اہم پیغام لے کر جارہے ہیں، مریم نوازبھی کل جمعرات کی شام کو لندن کیلئے روانہ ہوں گے، نوازشریف کی 21اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلق اہم مشاورت کی جائے گی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم شہبازشریف نے وطن پہنچنے کے ایک دن بعد ہی دوبارہ اچانک لندن واپسی کا پروگرام بنا لیا ہے۔ نجی چینل کے مطابق صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں صرف ایک دن قیام کرنے کے بعد دوبارہ لندن جانے کا پروگرام بنا لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ شہبازشریف اچانک دوبارہ لندن جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف قائد ن لیگ نوازشریف کیلئے اہم پیغام لے کر جارہے ہیں۔ اسی طرح مریم نواز بھی لندن جائیں گی، مریم نواز جمعرات کی شام کو اور شہبازشریف آج رات کو لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔ لندن میں شہبازشریف، مریم نواز اور نوازشریف کے درمیان اہم میٹنگ ہوگی۔ نوازشریف کی اکیس اکتوبر کو وطن واپسی اور دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔
مزید برآں سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے نواز شریف کے استقبال کے انتظامات اور تیاریوں سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے عوام میں جانے کے قابل نہیں۔
مشرف دور میں نواز شریف کو جیل میں رکھا گیا تو میری والدہ نے جدوجہد کی۔ مجھے میرے والد کے سامنے کوٹ لکھپت جیل میں گرفتار کیا گیا۔پانچ،پانچ ماہ ڈیتھ سیل میں گزارے اور میں 200 کے قریب پیشیاں بھگت کر آپ کے سامنے کھڑی ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں جو عمران خان نے شروع کیا ہو،مجھے خوشی ہے پشاور کے شہری بھی میٹرو بس کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ملک کے تمام منصوبے نواز شریف کے دئیے ہوئے ہیں۔2013 میں 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی تاہم نواز شریف کی حکومت آئی تو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہماری حکومت میں ڈالر 98 روپے پر مستحکم رہا،نواز شریف کو اقامہ کیس میں اقتدار سے الگ کیا گیا جس کے بعد ملک ترقی نہیں کر سکا۔ جنہوں نے قائد مسلم لیگ ن کیخلاف سازش کی وہ آج عوام میں نکلنے کے قابل نہیں،نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں۔
قبل ازیں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالا ہر کردار ذلت و رسوائی سمیٹ کر گھر گیا۔ ہر بار کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی طاقت سے وہ ہر بار واپس آتا ہے اور پوری طاقت سے آتا ہے۔