لاہور ہائیکورٹ نے عدم پیشی پر آئی جی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے،قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود آئی جی اسلام آباد پیش نہیں ہوئے،عدالت کے ریمارکس
لاہور (نیوز ڈیسک) آئی جی اسلام آباد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی۔ ڈی پی او اٹک اور سی پی او راولپنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے ریمارکس دئیے کہ آپ اپنے سارے کام چھوڑ کر دوسری بار عدالت میں پیش ہوئے ہیں،مت بھولیں آپ سب کے کیرئیر پڑے ہیں۔ دونوں افسران نے شوکاز نوٹس کا جواب کرایا جس پر عدالت نے شوکاز نوٹس واپس لے لیے۔ دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں؟۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ آئی جی کی طرف سے جواب آیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟۔آپ عدالتی احکامات کو ایزی لے رہے ہیں۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود آئی جی اسلام آباد پیش نہیں ہوئے۔ بعد ازاں ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کو نوٹس جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں نے پیش نہ ہونے پر آئی جی اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 18ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا، عدالت سے رہائی کے باوجود پرویزالٰہی کو رہا نہ کرنے پر توہین عدالت کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا۔ آئی جی اسلام آباد کے 50 مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔ جسٹس مرزا وقاص راؤف نے قیصرہ الٰہی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔