راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سوات میں آپریشن کے دوران سابقہ تحریک طالبان سوات گروپ کا دہشتگرد کمانڈر ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات ک مطابق 7 ستمبر 2023 کو خفیہ اطلاعات پر پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے سوات کے علاقے فضاگٹ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سابقہ تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہوگیا۔
ہلاک دہشتگرد کمانڈر سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا جبکہ ہلاک دہشتگرد سوات میں عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا۔
دہشتگرد کمانڈر عسکریت پسندی کے عروج کے دور میں سوات میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا، سوات میں ’’آپریشن راہ راست‘‘ کے بعد دہشتگرد کمانڈر نیک محمد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا۔
موجودہ سال کے اوائل میں دہشتگرد کمانڈر ٹی ٹی پی تشکیل کے ساتھ چھپ کر واپس سوات پہنچا اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ شروع کر دی، اسکے ساتھ ساتھ دہشتگرد کمانڈر نیک محمد نے ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کر دیا۔