گلگت بلتستان: (نیوز ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی کو معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دورہ گلگت میں ادارہ امراض قلب میں او پی ڈی کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے اندر کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر ہو گا، کسی اور سے کوئی امید یا خوشی فہمی ہے تو وہ دور کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام مسائل آئینی طریقے سے حل کیے جائیں گے، آئینی سوالات کے جواب ڈھونڈ رہے ہیں اور ان کے جواب جلد عوام تک پہنچائیں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کسی بھی نشست کے لیے بولی نہیں لگے، ہم بولیاں لگانے نہیں بولیوں کا گلا گھوٹنے آئے ہیں۔
نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت کے لوگوں کے لیے پیغام لے کر آیا ہوں کہ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، دوریوں کو حکمت کے ساتھ دور کریں گے، گلگت میں بھائی چارہ یہاں کے سماج اور اقدار میں ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت کے باسیوں نے بڑی محبت سے استقبال کیا، گلگت بلتستان رنگ ونسل کے لوگوں کا گلدستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے حوصلے پہاڑوں کی طرح ہیں، یہاں سیاحت کی غرض سے دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں، گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے مختلف لوگوں سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام ضروری ہے، حقوق کے نفاد کی ذمہ داری ریاست کی ہے، اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے جبکہ غلط فہمیوں کی بنیاد پر دوریوں کا خاتمہ ضروری ہے، ہم حکمت اور ہمت سے ان دوریوں کا خاتمہ کریں گے۔
او پی ڈی کا افتتاح
اس سے قبل انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے پہلے اور واحد امراض قلب ہسپتال کے اوپی ڈی کا افتتاح کیا، 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال امراض قلب کے علاج کی جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔