“اجڑیاں باغاں دے گالھڑ پٹواری”، مونس الہیٰ کا وفاقی کابینہ میں مختلف ناموں پر اعتراض

وفاقی کابینہ میں عمر سیف،توقیر شاہ،احد چیمہ وغیرہ کے بعد اب فواد حسن فواد کی بھی انٹری ہو گئی،ن لیگ نگران لیگ بن کر اب بھی ملک پر قابض ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا ٹویٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہیٰ نے بھی فواد حسن فواد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا۔سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ن لیگ کی حکومت چلی گئی یا نگران لیگ بن کر اب بھی ملک پر قابض ہے؟ وفاقی کابینہ میں عمر سیف،توقیر شاہ،احد چیمہ وغیرہ کے بعد اب فواد حسن فواد کی بھی انٹری۔
انہوں نے کہا کہ پنجابی کہاوت ہے”اجڑیاں باغاں دے گالھڑ پٹواری”۔یعنی ملک کے بگڑے معاملات کا حساب کتاب غیرذمہ دار پٹواریوں کے پاس ہے۔
https://x.com/MoonisElahi6/status/1701922460893855892?s=20
۔اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے فواد حسن فواد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر اعتراض اٹھا یا۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نہیں ن لیگ کی حکومت ہے۔
خورشید شاہ نے سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد کو نگراں وفاقی وزیر مقرر کیے جانے پر کہا کہ فواد حسن فواد کی کابینہ میں شمولیت سے واضح ہوگیا ہے ن لیگ کی حکومت ہے، ن لیگ کی گزشتہ حکومت کو بھی فواد حسن فواد ہی چلاتے تھے۔

خیال رہے کہ سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد کو نگراں وفاقی وزیر مقرر کر دیا گیا۔صدرِ مملکت عارف علوی نے فواد حسن فواد کی تقرری نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی ایڈوائس پر کی۔ اس حوالے سے فواد حسن فواد نے کہا کہ مجھے ابھی تک کسی محکمے کا چارج نہیں دیا گیا، میں کل وزیرِ اعظم سے ملاقات کروں گا۔فواد حسن فواد نے کہاکہ مجھے جو بھی ذمے داری ملے گی، ایمانداری اور محنت سے پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا ماضی گواہ ہے ہمیشہ ایمانداری اور محنت سے قومی مفاد میں کام کیا ہے، آئندہ بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوںنے کہاکہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کروں گا۔