اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا صدر ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا ڈاکٹر عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں، اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ منتقل ہوجائیں، صدر صرف ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا چار سال معیشت تباہ اور ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا کٹھ پتلی نیا آئینی بحران پیدا کرنے پر تلا ہے جس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ ہی سیاسی و اخلاقی جواز حاصل ہے، 16 ماہ کے معاشی سیاسی اور خارجی پالیسی کے استحکام کے خلاف سازش کی جارہی ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے کہا ملک میں امن اور استحکام جیل میں بیٹھے ریاستی اور معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں ہو رہا، عوام کی ترقی، روزی، روٹی کے دشمن آج کے حالات کے ذمہ دار ہیں، خود غرض سازشی موقع ملتے ہی ملک اور عوام پر ایک نیا وار کرتے ہیں، یہ ملک میں افراتفری، ٹکراؤ اور گند ڈالنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے، ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ناکام ہو گی۔