ہمارا اپنا ملک جی 20 کا حصہ ہوتا ، جی 20 کا اجلاس ایک نہ ایک دن ہوچکا ہوتا یا بہت جلد ہونے والا ہوتا۔ قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی لندن میں گفتگو
لندن (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 2017 کا معاشی تسلسل برقرار رہتا تو جی 20 کا اجلاس پاکستان میں ہورہا ہوتا،ہمارا اپنا ملک جی 20 کا حصہ ہوتا ۔ انہوں نے لندن میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2017 کا معاشی تسلسل برقرار رہتا تو جی 20 پاکستان میں ہورہا ہوتا۔
ہمارا اپنا ملک جی 20 کا حصہ ہوتا، اور اجلاس ایک نہ ایک دن ہوچکا ہوتا یا بہت جلد ہونے والا ہوتا۔نوازشریف نے اپنی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی برسی سے متعلق سوال پر کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ مزید برآں ن لیگ کے سینئر رہنماء پرویز رشید نے کہا کہ بھارت کو یورپ سے جوڑنے کا جیسا خواب آج دنیا کے بیس ملک دیکھ رہے ہیں ویسے ہی خواب کی عملی تکمیل ایک پاکستانی وزیر اعظم نے 33 سال قبل موٹر وے کے ذریعے شروع گر دی تھی ۔
ہم نے اُسے جیلوں میں ڈالا، جلا وطن کیا، پیاروں سے محروم کیا، بیٹی کو اذیتوں سے کزارا اور اسی کو کامیابی سمجھا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سابق وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کو ٹیلی فون کیا، نواز شریف نے حمزہ شہباز کو لندن طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز لاہور ائیر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے۔
سابق وزیراعلٰی پنجاب لندن میں نواز شریف اور اپنے والد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں موجودہ ملکی صورتحال اور نواز شریف کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حمزہ شہباز انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے حوالے سے قائد مسلم لیگ ن سے مشاورت کریں گے۔ اسی طرح سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میاں نواز شریف کی اہلیہ اور میری بھابی بیگم کلثوم نواز کو ہم سے بچھڑے آج پانچ برس ہو گئے۔
میرے لیے وہ بڑی بہنوں کی طرح تھیں جن کی شفقت، راہنمائی اور مخلصانہ مشورے میرا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آمریت کے خلاف ان کی بہادری، سیاسی بصیرت اور جدوجہد تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب ہے اور مشکل وقت میں سیاسی میدان میں جو شاندار کردار انہوں نے نبھایا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہی۔ افسوس! دنیا سے رخصت ہوتے وقت ان کے پیاروں کو ان سے دور کردیا گیا تھا یہ غم ہم بطور خاندان کبھی بھلا نہیں سکتے اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین