پروجیکٹ بلاول فیل ہوچکا‘ یہ کبھی وزیرِ اعظم نہیں بن سکتے، حافظ نعیم الرحمن

ابا کہہ رہے ہیں پہلے حلقہ بندیاں پھر انتخابات اور بچہ کہہ رہا ہے کہ 90 روز میں انتخابات ہونے چاہئیں‘ دونوں نورا کشتی کھیل رہے ہیں اوردھوکا دے رہے ہیں، کرپشن اور نا اہلی کے مجموعے کا نام پیپلز پارٹی ہے۔ امیرجماعت اسلامی کراچی

کراچی (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پروجیکٹ بلاول فیل ہوچکا ہے، بلاول بھٹو زرداری کبھی بھی وزیرِ اعظم نہیں بن سکتے، بلاول صاحب انتخابات وقت پر کرانے کی بات کرتے ہیں جب کہ آصف زرداری حلقہ بندیوں کی بات کر رہے ہیں، دونوں عوام کو بیوقوف نہ بنائیں، کرپشن اور نااہلی کے مجموعے کا نام پیپلز پارٹی ہے۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ابا کہہ رہے ہیں پہلے حلقہ بندیاں پھر انتخابات اور بچہ کہہ رہا ہے کہ 90 روز میں انتخابات ہونے چاہئیں، آپ عوام کو کوئی بھی ریلیف دینے کو تیار نہیں، ہم احتجاج بھی کر رہے ہیں کہ گورنر ہائوسز پر دھرنے کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، لوگوں کو موبلائز کرکے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں، ہم بچوں کو آئی ٹی کورسز بھی کروا رہے ہیں، بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کا آغاز بینظیر آباد سے کریں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنا کام کرتا نظر نہیں آ رہا، کے الیکٹرک مقامی دہشتگردوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، اب بھی کے الیکٹرک کے خلاف خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، حکومت سے مطالبہ ہے ایسے دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے، سب سے پہلے کے الیکٹرک مافیا کو پکڑنا چاہیے، نیپرا کی سماعت میں کے الیکٹرک کے ظلم کی نشاندہی کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کنڈا مافیا کے خلاف آواز اٹھانے پر منتخب کونسلر کو شہید کر دیا گیا، سوال یہ ہے کسی بھی علاقے میں کنڈا مافیا کا راج کیسے ہے؟ ٹاؤن چیئرمینز کواب تک اختیارات نہیں دیے گئے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، اسٹریٹ کرمنلز خود ہر ماہ اپنا ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔