آئندہ سماعت تک آپ ایم پی او کا کوئی آرڈر پاس نہیں کریں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈی سی سے مکالمہ،شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے حکم میں توسیع کر دی گئی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تھری ایم پی او کے اختیارات کے استعمال سے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو تھری ایم پی او کے اختیارات کے استعمال سے روک دیا،عدالت نے ڈی سی سے مکالمہ کیا کہ آئندہ سماعت تک آپ ایم پی او کا کوئی آرڈر پاس نہیں کریں گے۔
جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ بتائیں قانون میں کہاں سے آپ یہ اختیار استعمال کر رہے ہیں؟۔ عدالت نے ایم پی او کے اختیار سے متعلق قانونی معاونت طلب کر لی،جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ ڈی سی صاحب آپ سمجھ رہے ہیں نا؟۔
عدالت نے اسسٹنٹ کونسل کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ عدالت نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ جبکہ اس سے قبل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی،جسٹس بابر ستار نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایم پی او کی معطلی کے حکم میں 6 ستمبر تک توسیع کی اور دونوں رہنماؤں کو کسی بھی مقدمے میں 6 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد کے باہر میرا دائرہ اختیار نہیں۔ اگر شہر سے باہر کچھ ہوتا ہے تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے،چیف کمشنر اور آئی جی بھی اس کی ذمہ داری نہیں لیں گے۔ عدالت نے ڈی سی اور ایس ایس پی آپریشنز پر فردِ جرم کی کارروائی 7 ستمبر تک مؤخر کر دی تھی۔