اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔
جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کرتے ہوئے درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کی۔ دورانِ سماعت جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا یہ درخواست غیر مؤثر نہیں ہوگئی؟
درخواست گزار نے کہا کہ اگر درخواست 6 سال پہلے لگ جاتی تو غیر مؤثر نہ ہوتی، ہمارے خدشات تو درست ثابت ہوئے، پرویز مشرف باہر گئے پھر واپس نہیں آئے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ بس اب اللہ پر چھوڑ دیں جس پر درخواست گزار نے کہا کہ بس اب تو اللہ پر ہی چھوڑ رہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔