پاکستان واپسی کی تاریخ کے حتمی اعلان کیلئے مشاورت ، نواز ، شہباز ملاقات آج

لندن : (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات آج ہوگی ۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی تاریخ کے حتمی اعلان کیلئے مسلم لیگ ن کے صلاح مشورے جاری ہیں اس حوالے سے مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آج نواز شریف سے ملاقات میں وطن واپسی کی حتمی تاریخ کے حوالے سے بات کرینگے ، شہباز شریف پاکستان واپسی سے قبل نواز شریف کے وطن آنے کی تاریخ دینا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ لندن اجلاس میں پاکستان میں موجود لیگی رہنماؤں سے فون پر رابطے ہوں گے ، نواز شریف وطن واپسی سے قبل ایک خلیجی ملک میں قیام کریں گے، لندن سے لاہور براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے خلیجی ملک کی ایئرلائن پر سفر کریں گے ۔