راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپنے کپڑے بیچ کر غریبوں کو ریلیف دینے کی باتیں کرنے والا عوام کو تکلیف دے کر لندن بھاگ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلے یہ کہتے تھے آئی ایم ایف کا معاہدہ بلاول کے 50 سے زیادہ غیر ملکی دوروں کا نتیجہ ہے اور شہباز شریف یہ کہتے ہوئے نہیں تھکتے تھے کہ میں نے آئی ایم ایف کے سربراہ سے 3 ملاقاتیں کر کے یہ معاہدہ کرایا۔
انہوں نے کہا کہ اب لندن میں بیٹھا شہباز شریف کہتا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان میں غریبوں کے ساتھ کیا بیت رہی ہے یہ وہی شہبازشریف ہے جو اپنے کپڑے بیچ کر غریبوں کو ریلیف دینے کی بات کرتا تھا اور آٹا، چینی مفت بانٹنے کی بات کرتا تھا اور عوام کو تکلیف دے کے لندن بھاگ گیا ہے، جاتے جاتے اپنے نیب اور منی لانڈرنگ کے سارے کیس ختم کرا گیا۔
پہلے یہ کہتے تھے IMFکا معاہدہ بلاول کے 50سے زیادہ غیر ملکی دوروں کا نتیجہ ہےاور شہباز شریف یہ کہتے ہوئے نہیں تھکتے تھےکہ میں نے IMFکے سربراہ سے 3ملاقاتیں کر کےیہ IMFکا معاہدہ کرایا اب لندن میں بیٹھا شہباز شریف کہتا ہےکہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان میں غریبوں کے ساتھ کیا بیت رہی…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 29, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 200 روپے ڈالر کرانے والا اسحاق ڈار بھی اپنے ’گرو‘ کے پاس لندن پہنچ گیا، شہباز شریف نے جو 10 ,10 کروڑ روپے اپنے ممبروں کو ترقیاتی کاموں کیلئے دیئے ہیں اُن سے غریبوں کے بجلی کے بل ادا کیے جائیں، 16 مہینے حکومت میں رہے اور سارا کیا دھرا ان کا ہے اب ایک ہفتے کی نگران حکومت پر ملبہ ڈال رہے ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ اب یہ مگرمچھ کے آنسو رو رہے ہیں جو بجلی کے معاہدے ن لیگ نے آئی پی پی کے ساتھ کئے وہ امپورٹڈ فیول کے تھے اور ساہیوال میں بھی جا کے کارخانہ لگا دیا اسکی قیمت آج قوم ادا کر رہی ہے، بجلی استعمال نہیں کر رہے لیکن معاہدے کے تحت کارخانے داروں کو مفت پیسے دے رہے ہیں جو غریب کے بل میں وصول کر کے ڈکیتی کی جا رہی ہے۔