اِس سے نکلنے کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ سیاسی استحکام، فوری اور شفاف انتخابات ہے، جس کے ہاتھ عوام حکومت دیں اُس کو اپنا ریفارم پروگرام مکمل کرنے دیں۔ سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سیاسی رہنماء اور سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا ہے کہ کہا ہے کہ آپ اُس بحران کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو سیاستدانوں، ججوں، جرنیلوں اور افسر شاہی نے مل کر بُنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج آپ بجلی پر احتجاج کر رہے ہیں تو کل گیس پر کر رہے ہوں گے، بچوں کی فیسوں کو پکڑیں گے تو پیٹرول ڈیزل کا خرچہ ہاتھ سے نکل جائے گا، کچن کو سنبھالیں گے تو بوڑھے والدین کی دوائیاں نہیں خرید پائیں گے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر مزید کہتے ہیں کہ عزیزانِ من! آپ اُس بحران کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو سیاستدانوں، ججوں، جرنیلوں اور افسر شاہی نے مل کر بُنا ہے، اِس سے نکلنے کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ سیاسی استحکام، فوری اور شفاف انتخابات ہے، جس کے ہاتھ عوام حکومت دیں اُس کو اپنا ریفارم پروگرام مکمل کرنے دیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں بجلی کے بلوں کے خلاف احتجاج زور پکڑنے لگا ہے اور عوام کی جانب سے بجلی کے بل ادا کرنے کی بجائے انہیں جلانے کی تحریک شروع کردی گئی کیوں کہ رواں ماہ آنے والے بجلی کے بلوں کو دیکھ کر عوام مشتعل ہوچکی ہے اور لوگوں نے سڑکوں پر مظاہرے کرتے ہوئے بل ادا کرنے کی بجائے انہیں جلانے کی تحریک شروع کر دی ہے، اسی سلسلے میں کراچی میں عوام نے بجلی کے بلوں کے خلاف احتجاج کیا، نشترروڈ، بھیم پورہ، ٹمبر مارکیٹ اور رنچھوڑلائن میں احجاجی مظاہرے کیے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں بھی عوام نے بجلی کے بلوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بجلی کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کردیا، چینیوٹ کےعوام بھی مہنگی بجلی کے خلاف پھٹ پڑے، ڈسکہ میں شہریوں نے مہنگی بجلی کے خلاف مظاہرہ کیا، تونسہ شریف میں بھی شہریوں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی عوام سڑکوں پر نکل آئی، گنج بازار اور لاہوری چوک کے تاجروں نے بھی احتجاج کرتے ہوئے بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی، اسی طرح صوبہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں شہریوں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ اٹک میں دھرنا دیتے ہوئے مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی، سرگودھا میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا اور بلوں کو جلا کر سڑک بلاک کر دی، جہلم میں کچہری چوک پر وکیلوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مہنگی بجلی کے خلاف مظاہرے میں خواتین بھی شریک ہوئیں، جہانیاں میں مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اورسڑک بند کردی، کبیروالا میں بھی بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔