9 مئی کو گلبرگ لاہور میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں اہم پیش رفت

انسداد دہشت گردی عدالت نے حماد اظہر سمیت 4 ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی

لاہور (نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے حماد اظہر سمیت 4 ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطاب 9 مئی کو لاہور کے علاقے گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر سمیت 4 ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، غلام عباس، علی عباس اور سرمد ملک شامل ہیں، عدالت نے تھانہ گلبرگ پولیس کی درخواست پر کاروائی شروع کی۔
بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، پولیس نے درخواست میں موقف اپنایا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں، اس لیے عدالت ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔
قبل ازیں 9 مئی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد سینئر رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے، جن میں میاں اسلم اقبال، مراد سعید ، فرح حبیب، علی امین گنڈا پور سمیت 22 افراد شامل ہیں، اس کے علاوہ عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بھی اشتہاری قرار دے دیا گیا، حسان نیازی، عندلیب عباس،اسد زمان چیمہ، واثق قیوم عباسی، احمد خان نیازی اور اعظم سواتی بھی اشتہاری قرار دئیے جانے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے تحریک انصاف کے 12 رہنماؤں اور 200 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمہ پی ٹی آئی کے 2 سابق وفاقی وزرا غلام سرور خان، علی امین گنڈا پور کے علاوہ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی سمیت 12 نامزد رہنماؤں اور 200 نامعلوم کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس کی جانب سے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے بھی شروع کردیے گئے تھے۔