اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی، ملاقات میں صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
صدر مملکت نے موجودہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت نے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کہ سعودی حکومت مدینہ میں منہدم ہونے والے دو پاکستان ہاؤسز کی رقم سے مرکزیہ میں پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی لائے گی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ مسلم دنیا میں سعودی ولی عہد کی قیادت قابل تعریف ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ، ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ ، کی ملاقات
صدرمملکت کا سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور
سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، صدرمملکت pic.twitter.com/vWFQAtafqj
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) August 21, 2023
ملاقات میں سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد،وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے کا بھی کہا، صدر مملکت نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔