چیف سیکریٹری کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا بھی تبادلہ کر دیا گیا

رفعت مختار کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کردیا گیا،آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت

کراچی (نیوز ڈیسک ) چیف سیکریٹری کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا بھی تبادلہ کر دیا گیا۔رفعت مختار کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کردیا گیا۔ رفعت مختار کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہاں واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن 8 دن کی چھٹی پر عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
بتایا گیا تھا کہ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ21 کے سینئر افسر عمران یعقوب منہاس غلام نبی میمن کی عدم موجودگی میں انسپکٹر جنرل پولیس سندھ ہوں گے۔بطور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی تعینات عمران یعقوب منہاس نے اپنے عہدے کے ساتھ ساتھ قائم مقام آئی جی سندھ کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا ۔
قائم مقام آئی جی سندھ عمران یعقوب منہاس سی پی او پہنچے۔

بتایا گیا تھا کہ غلام نبی میمن کی واپسی تک دونوں عہدوں پر اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔تاہم اب گریڈ 21 کے افسر رفعت مختار کو آئی جی سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹرسہیل راجپوت کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے گریڈ22 کے سینئر افسرڈاکٹرمحمدفخرعالم عرفان کوچیف سیکریٹری سندھ تعینات کردیاہے۔ بتایا گیا کہ ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 22 کی فارینہ مظہر کو سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
فارینہ مظہر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے ڈاکٹر فخر عالم عرفان چیف سیکرٹری سندھ تعینات کر دیا گیا۔ڈاکٹر فخر عالم عرفان اس سے سیکرٹری وزارت ہاوسنگ و تعمیرات تعینات تھے۔نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔