نوجوان پارٹی کا مستقبل اور ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے، مریم نواز

لاہور: (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا نوجوان پارٹی کا مستقبل اور ن لیگ کی اصل طاقت، ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے پنجاب کے صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈینیٹرز سے ملاقات کی، مریم نواز نے یوتھ کوآرڈینیٹرز میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کیے، 8 ڈویژنز، 18 اضلاع اور پنجاب اسمبلی کے 129 حلقوں میں یوتھ کوآرڈینیٹرز مقرر کر دئیے، راولپنڈی، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لیہ،بہاولپور، ملتان، ساہیوال اور لاہور ڈویژنز سے امیدواروں کو نوٹیفیکیشنز دئیے گئے۔

بہاولپور ڈویژن میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم خان میں یوتھ کوآرڈینیٹرز کو نوٹیفیکیشن دئیے گئے ملتان ڈویژن میں خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی جبکہ ساہیوال ڈویژن میں اوکاڑہ، پاک پتن اور ساہیوال میں یوتھ کوآرڈینیٹرز کو نوٹیفیکیشن دئیے گئے۔

لاہور ڈویژن میں ضلع لاہور کے سوا ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور قصور کے یوتھ کوآرڈینیٹرز کو باضابطہ نوٹیفیکیشنز دئیے گئے راولپنڈی ڈویژن میں اٹک، راولپنڈی، چکوال اور جہلم جبکہ گوجرانولہ ڈویژن میں گجرات، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانولہ، حافظ آباد میں یوتھ کوآرڈینیٹرز کو نوٹیفیکیشنز دئیے گئے سرگودھا ڈویژن میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کے یوتھ کوآرڈینیٹرز کو نوٹیفیکیشنز دئیے گئے۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن کی اصل طاقت نوجوان ہیں، پارٹی کا مستقبل نوجوان ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے، انہوں نے کہا اب دور نوجوانوں کا ہے، پارٹی ہر سطح پر یوتھ اور اسکے نمائندوں کو آگے بڑھنے کا موقع دے گی، آپ نے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے، مسلم لیگ ن نے ہر دور میں لیپ ٹاپ، انڈومنٹ فنڈز، یوتھ لون پروگرام اور کھیلوں کے میدانوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے۔

چیف آرگنائزر نے مزید کہا مسلم لیگ ن کے شیروں نے ہر موقع پر فرنٹ لائن پر اپنا رول ادا کیا، میاں نواز شریف نے جب بھی نوجوانوں کو کال دی انہوں نے اپنے قائد کی کال پر لبیک کہا، نوجوان تیاری کر لیں میاں نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں صرف نفرت اور انتشار پیدا کیا، اس کا عملی مظاہرہ قوم 2014ء کے دھرنے اور 9 مئی کے واقعات کی صورت میں دیکھ چکی، مریم نواز نے کہا فتنہ فساد گروپ نے پاکستان میں صرف اور صرف ڈنڈے اور گالی کی سیاست کو فروغ دیا۔

مریم نواز نے کہا نوجوانوں اور خواتین کو قیادت کی اگلی صفوں میں لا رہے ہیں، مشکل کے ہر دور میں ہماری خواتین اور نوجوانوں نے شاندار کردار ادا کیا، مستقبل کی قیادت نوجوان اور خواتین ہیں، مریم نواز نے یوتھ کوآرڈینیٹرز کو ذمہ داریاں ملنے پر مبارک دی، یوتھ کوآرڈینیٹرز نے پارٹی میں اہم ذمہ داریاں دینے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔