سربراہ پاک فضائیہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں بین الاقوامی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہوا بازی اور دفاعی شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور ہم آہنگی، شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم معاملات میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔