لاہور: (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کے معاملے میں پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کے معاملے میں عدالتی احکامات کے بعد بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہو گئیں ، بشریٰ بی بی سے 2 آڈیو لیکس سے متعلق سوالات کئے گئے ہیں جن کا انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آڈیوز میں آواز میری نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے انکار کے بعد پولیس ٹیم نے آڈیوز سنوائیں جس کے بعد انہوں نے آڈیوز کو فیک قرار دے دیا۔
گزشتہ روز پولیس کو دئیے گئے بیان کے مندرجات سامنے آ گئے ،جس میں پولیس تفتیشی ٹیم نے 25 سوال کیے مگربشریٰ بی بی سے صرف 23 سوال پوچھے، زیادہ تر سوالات توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق تھے، بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں بنانے کے الزام کو رد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں بنانے کا الزام رد کردیا اور جواب دیا کہ رسیدیں کہاں سے آئیں کس نے بنوائیں ہم نہیں جانتے، توشہ خانہ گھڑی سے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
پولیس ٹیم کی جانب سے دونوں آڈیوز کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کیاگیاہے ، دونوں آڈیوز کی فرانزک رپورٹ کیس ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے گی۔